۲۵ محرم الحرام  ایک ایسے  امام کی شہادت کا دن ہے کہ جو تمام عمر اپنے بابا کی شہادت پر روتے رہے۔ ایک ایسے بھائی کی شھادت کا دن ہے  جنکی نظروں کے سامنے   انکے بھائیوں کو شہید کر دیا گیا اور خود انھیں  ہاتھوں میں ہتھکڑیاں اور پیروں میں بیڑیاں، گلے میں خاردار طوق پہنا کر بازاروں اور درباروں میں پھرایا گیا۔

آج  امام زین العابدین  سید الساجدین  امام علی بن الحسین علیہ السلام کی شہادت کا دن ہے۔

 امام علی بن الحسین علیہ السلام جنکا مشہور  لقب زین العابدین  ہے ۔آپ کی ولادت  ۵ شعبان ۳۸ ہجری میں ہوئی اور آپ کی شہادت  ۲۵ محرم  اور بعض روایات کے مطابق ۱۲ محرم سن ۹۵ ہجری  کو ولید بن عبد الملک کے دئے گئے زہر سے ہوئی۔ آپ کو  جنت البقیع ، امام حسن علیہ السلام کے پہلو میں سپردخاک کیا گیا۔

 

◾️ آپ کا لقب زین العابدین ہے

 مالک بن انس کا قول ہے کہ  امام علی بن حسین علیہ السلام کو زین العابدین اس لئے کہا جاتا ہے کہ   وہ ہر دن  ہزار رکعت نماز ادا کرتے تھےاور بہت زیادہ  عبادت کیا کرتے تھے۔

 

◾️ نورانی کلام

امام سجاد علیہ السلام فرماتے ہیں:«أرْبَعٌ مَنْ کُنَّ فیهِ کَمُلَ إسْلامُهُ، وَمَحَصَتْ ذُنُوبُهُ، وَلَقِیَ رَبَّهُ وَهُوَ عَنْهُ راضٍ: وِقاءُ لِلّهِ بِما یَجْعَلُ عَلى نَفْسِهِ لِلنّاس، وَصِدْقُ لِسانِه مَعَ النّاسِ، وَالاْ سْتحْیاء مِنْ کُلِّ قَبِیحٍ عِنْدَ اللّهِ وَعِنْدَ النّاسِ، وَحُسْنِ خُلْقِهِ مَعَ أهْلِهِ»،

 چار صفات ایسی ہیں کہ اگر کسی میںموجود ہوں تو اسکا اسلام کامل ہے، اسکے  گناہ معاف کر دئے جائیں گے، اور اپنے رب سے اس حالت میں ملاقات کرے گا کہ رب  اس سے راضی ہو گا۔

۱) اللہ کا تقوی اختیار کرنا اور لوگوں کی بغیر کسی عوض کے مدد کرنا۔

۲)  لوگوں کے ساتھ سچائی سے پیش آئے۔

۳)برے کام کرنے سے اللہ اور لوگوں سے حیا کرنا۔

۴)اپنےگھروالوں سے نیک سلوک کرنا۔

[ مشکاة الانوار، ص ۱۷۲]

 

امام سجاد علیہ السلام نے فرمایا: مجالَسَهُ الصَّالِحیِنَ داعِیَهٌ إلى الصَّلاحِ، وَ أَدَبُ الْعُلَماءِ زِیادَهٌ فِى الْعَقْلِ

 صالح لوگوں کے ساتھ بیٹھنے سے نیکی اور خیر حاصل ہوتا ہے اور علماء کا احترام عقل و شعور کو بڑھاتا  ہے۔ (بحارالأنوار، ج ۱، ص ۱۴۱)

 

?  امام صادق علیہ السلام آنلائن مدرسہ حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کی شہادت پر تسلیت پیش کرتا ہے۔