? ۱۰ذیالحجہ  مسلمانوں کے لئے اہم  عید کا دن ہے اور اس دن کو مختلف ناموں سے جانا جاتا ہے۔ آج کے دن کو  بقرعید ، عید قربان یا  عید الاضحی بھی کہتے ہیں۔ آج کے دن  مسلمان  حج کے تمام اعمال انجام دینے کے بعد  اللہ کی راہ میں  قربانی پیش کرتے ہیں اور یہ عمل در حقیقت  جناب  براہیم علیہ السلام کی تاسی ہے۔ جناب ابراہیم علیہ السلام کو اللہ تعالیٰ کی جانب سے حکم ہو اکہ اپنے فرزند  اسماعیل علیہ السلام کو خدا کی راہ میں  قربان کر دیں تو جناب ابراہیم علیہ السلام حکم الہی کے مطابق  اپنے بیٹے اسماعیل علیہ السلام کو قربان کرنے لے گئے اور جیسے ہی گردن پر چھری چلائی ویسے ہی خدا کی قدرت سے ایک  دنبہ  حضرت اسماعیل علیہ السلام کی جگہ آگیا اور اس طرح اسماعیل علیہ السلام کی جگہ دنبہ ذبح ہو گیا۔ یہ ایک  امتحان الہی تھا جس میں جناب ابراہیم علیہ السلام کامیاب ہوئے۔ اور اسی عمل کی یاد کو بحکم خداوند عالم آج بھی مسلمان انجام دیتے ہیں۔

? ۱۰ ذوالحجہ کی  شب بہت مبارک شب ہے اور اس میں  شب بیداری کا حکم دیا گیا ہے۔عید قربان کے دن کے کچھ اعمال بھی ذکر کئے گئے ہیں، جیسے  غسل کرنا،  نماز عید پڑھنا،  قربانی کرنا،  امام حسین علیہ السلام کی  زیارت ،  دعائے ندبہ پڑھنا  مستحب ہے۔

?  قربانی کرنے کی اہمیت

? ام سلمہ علیہا السلام  رسول اکرم ﷺ کی خدمت میں آئیں اور عرض کیا کہ یا رسول اللہ ﷺ آج عید قربان ہے اور میرے پاس کچھ نہیں ہے کہ میں قربانی کر سکوں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا  قرض لو اور قربانی انجام دو کیونکہ قرض بعد میں ادا کیا جا سکتا ہے۔

? امام محمد تقی علیہ السلام فرماتے ہیں کہ عید قربان کے دن  پانچ اعمال سے زیادہ با فضیلت کوئی عمل نہیں:  قربانی کرنا،  ماں باپ کے ساتھ نیکی کرنا، جن  رشتہ داروں نے رشتہ توڑ لیا ہو انسے دوبارہ  ہدیہ دے کر رشتہ بحال کرنا ، پہلے  سلام کرنا،  بہترین قربانی کر کے دوسروں کو کھانا کھلانا اور اپنے  پڑوسیوں ،  یتیموں،  مسکینوں اور  فقیروں  کو بھی عطا کرنا۔  

رسول‌الله ﷺ نے فرمایا:  مَن أحيَا اللَّيالِيَ الأَربَعَ وَجَبَت لَهُ الجَنَّةُ : لَيلَةَ التَّروِيَةِ ، ولَيلَةَ عَرَفَةَ ، ولَيلَةَ النَّحرِ ، ولَيلَةَ الفِطر

جو بھی ان چار راتوں میں شب بیداری کرے گا اس پر جنت واجب ہے: شب ترویہ، شب عرفہ، شب عید قربان، شب عید فطر۔

الفردوس : ج 3 ص 620

امام صادق علیہ السلام آنلائن مدرسہ اس مبارک موقع پر تمام مومنین کی خدمت میں مبارک باد پیش کرتا ہے۔